پیرس:فرانس میں متعدد اجنبیوں سے اپنی اہلیہ کا ریپ کروانے کے دل دہلا دینے والے مقدمے میں عدالت نے مرکزی ملزم ڈومینیک پیلیکوٹ کو 20 برس قید کی سزا سنائی ہے جبکہ 50 دیگر ملزمان کو بھی مختلف مدت کے لیے قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
ڈومینیک نے انٹرنیٹ کی مدد سے اجنبیوں کی خدمات حاصل کیں اور انھیں گھر بلوا کر تقریبا ایک دہائی تک اپنی اہلیہ جزیل پیلیکوٹ کو مدہوش کرنے کے بعد ان کا ریپ کروایا۔
پولیس کے مطابق ان مبینہ جرائم میں کم از کم 72 افراد ملوث تھے جن پر ڈومینیک کی اہلیہ کو 92 مرتبہ ریپ کرنے کا الزام تھا تاہم ان میں سے 50 کی شناخت ہوئی اور ان کے خلاف مقدمہ چلایا گیا۔
72 سالہ جزیل پیلیکوٹ کو ان مبینہ جرائم کے بارے میں 2020 میں اس وقت علم ہوا جب پولیس نے ان کو آگاہ کیا۔
یہ پریشان کن تفصیلات سامنے آنے کے بعد فرانس میں خوف کی لہر دوڑ گئی تھی۔
آج جب عدالت نے جب اس مقدمے میں فیصلہ پڑھ کر سنانا شروع کیا تو ڈومینیک پیلیکوٹ نے کسی قسم کے جذبات کا اظہار نہیں کیا تاہم فیصلہ سننے کے بعد انھیں اپنی کرسی پر جھکے ہوئے روتے ہوئے دیکھا گیا۔
فیصلہ سننے کے بعد ڈومینیک کا خاندان آپس میں سرگوشیاں کرنے لگا جبکہ جزیل نے اپنا سر دیوار کے ساتھ ٹکا دیا۔
جزیل پیلیکوٹ: اجنبیوں سے بیوی کا ریپ کروانے کے مقدمے میں شوہر کو 20 برس قید کی سزا








