کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے تین صوبوں میں یکے بعد دیگرے بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق اتوار ملک کے تین صوبوں قندوز، بدخشاں اور کنڑ میں بم دھماکے ہوئےجبکہ گزشتہ رات بھی دارالحکومت کابل میں ایک منی بس پر ہوئے بم حملے میں کم از کم چار افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
افغان پولیس کے ترجمان عبیداللہ عابدی نے بتایا کہ قندوز شہر میں دھماکا پھلوں کی ریڑھی میں چھپائے گئے بارودی مواد میں ہوا تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔
بدخشاں صوبے کے شہر فیض آباد میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں ایک بچہ زخمی ہوا۔ طلوع نیوز کے مطابق اس دھماکے میں طالبان کی عسکری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
اسی طرح کنڑ صوبے کے شہر اسد آباد میں بھی طالبان کی گاڑی کو بم دھماکے سے اڑا دیا گیا تاہم طالبان حکام نے اس بات کی تصدیق نہیں کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں طالبان نے ملک کا انتظام سنبھال لیا تھا جس کے بعد وقتی طور پر پرتشدد کارروائیوں میں کمی ہوئی تھی لیکن گزشتہ ماہ سے افغانستان بھر میں حملوں کی ایک نئی لہر دیکھی جا رہی ہے جس میں سینکڑوں شہری مارے جا چکے ہیں۔
افغانستان کے تین صوبوں میں یکے بعد دیگرے بم دھماکے، ہلاکتوں کا خدشہ








