بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کے رقبے کا موازنہ اپنی میز پر رکھے پین سے کردیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل کا زمینی رقبہ بہت کم ہے جو کہ درست نہیں۔
عرب میڈیا کی جانب سے ٹرمپ کی پریس کانفرنس کی ویڈیو کلپ جاری کی گئی ہے جس میں صحافی کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ ٹرمپ ماضی میں کہتے آئے ہیں کہ اسرائیل کا رقبہ بہت کم ہے، تو کیا وہ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں کو ضم کرنے کی حمایت کرتے ہیں؟
اس سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس بارے میں تو بات نہیں کریں گے لیکن یہ ضرور ہے کہ اسرائیل کا رقبہ بہت کم ہے اور زمینی علاقے کے اعتبار سے اسرائیل بہت چھوٹا ملک ہے۔
یہ کہتے ہوئے ٹرمپ نے اپنی میز پر رکھا پین اٹھایا اور اسے میز کے ساتھ اس طرح لگایا جس سے پین کا صرف اوپری حصہ نظر آرہا تھا۔ ٹرمپ نے کہا کہ میری یہ میز مشرق وسطیٰ ہے اور پین کا جتنا حصہ نظر آرہا ہے وہ اسرائیل ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ ٹھیک نہیں ہے یہ فرق بہت زیادہ ہے، یہ مثال بہت حد تک درست ہے، ٹرمپ نے کہا کہ یہ زمین کا بہت ہی چھوٹا ٹکڑا ہے اور اس میں انہوں جو کچھ حاصل کیا ہے وہ بہت حیرت انگیز ہے۔
ٹرمپ نے غزہ جنگ بندی کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدہ برقرار رہ سکے گا۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو امریکا کے دورے پر ہیں اور وہ آج امریکی صدر سے ملاقات بھی کریں گے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو ہفتے کے اختتام تک امریکا میں ہی رہیں گے۔