بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وکلا احتجاج: اسلام آباد کی کون سی شاہراہیں بند ہیں؟

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف اور سپریم کورٹ میں 8 نئے ججز کی تعیناتی کے لیے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے موقع پر وکلا کے ایک گروپ نے احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ اس احتجاج کے پیش نظر شاہراہِ دستور کو جانے والے راستوں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جس سے شہر بھر میں ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ہے اور لوگوں کو دفاتر آنے جانے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

اسلام آباد کے ریڈ زون کو جانے والے 5 راستوں سیرینا چوک، نادرا چوک، ایکسپریس چوک، میریٹ چوک، ٹی کراس بری امام والے راستوں کو بند کیا گیا ہے جبکہ ریڈ زون میں داخل ہونے کے لیے صرف مارگلہ روڈ والے راستے کو کھلا رکھا گیا ہے۔ چونکہ پاک سیکریٹریٹ، پارلیمنٹ ہاؤس، اور دیگر بڑے دفاتر اسی ریڈ زون میں واقع ہیں تو زیادہ گاڑیوں کے باعث مارگلہ روڈ پر ٹریفک جام ہو گیا اور لوگوں کے لیے اپنے دفاتر پہنچنا مشکل ہو گیا ہے۔

میٹرو بس سروس کو بھی فیض احمد فیض سٹیشن سے پاک سیکریٹریٹ اسٹیشن تک بند کر دیا گیا ہے، ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون کو جانے والے راستوں کو آج صبح 6 بجے سے تاحکم ثانی عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے شکر پڑیاں والے دفاتر میں بھی تمام سہولیات آج معطل رہیں گی۔