بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مدھیہ پردیش، ہسپتال سے آوارہ کتا زیورات سے بھرا بیگ لے اڑا

بھارت میں ایک سرکاری ہسپتال کے سرجیکل وارڈ سے آوارہ کتا سونے اور چاندی کے زیورات سے بھرا بیگ لے کر فرار ہوگیا، جس میں موجود زیورات اور نقدی کی مجموعی مالیت تقریباً 4 لاکھ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع منڈی سور کے سرکاری ہسپتال میں یہ انوکھا واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیا۔کیام پور کی رہائشی لتا بائی والمیکی ہاتھ کی چوٹ کے باعث ہسپتال میں زیر علاج اپنے بیٹے کی تیمارداری کے لیے وہاں موجود تھیں۔

گھر میں زیورات محفوظ نہ ہونے کے خدشے کے باعث وہ سونے اور چاندی کے زیورات کے ساتھ تقریباً 2 ہزار بھارتی روپے نقد بھی اپنے ہمراہ لائی تھیں۔ انہوں نے اپنا ہینڈ بیگ ہسپتال کے بیڈ کے قریب رکھا تھا۔رات ایک بجے سے صبح 6 بجے کے درمیان بیگ اچانک غائب ہوگیا، جس پر اہل خانہ نے پولیس سے رابطہ کیا۔

پولیس نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ہیڈ کانسٹیبل اجے سولنکی کو ذمہ داری سونپی، جنہوں نے ہسپتال کے وارڈز، راہداریوں اور داخلی و خارجی راستوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں حیران کن انکشاف ہوا کہ ایک آوارہ کتا بیگ کو منہ میں دبا کر ہسپتال سے باہر لے جارہا تھا۔

مزید پڑھیں:سندھ میں ملیریا بے قابو، رواں سال 90 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ،محکمہ صحت

پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے کتے کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور بالآخر زیورات اور دیگر سامان سے بھرا پورا بیگ برآمد کرلیا۔پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث خاتون کا قیمتی سامان واپس مل گیا، تاہم واقعے نے اسپتال میں سیکیورٹی کے انتظامات پر سوالات بھی اٹھا دیے ہیں۔