بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تجاوزات کے متاثرین کی بحالی کے لیے بڑا فیصلہ

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تجاوزات کے خلاف جاری مہم کی زد میں آنے والے بے روزگار افراد کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چھوٹے کاروبار، ریڑھی بانوں اور دیگر متاثرین کے لیے متبادل روزگار کا انتظام کیا جائے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تجاوزات کا خاتمہ ٹریفک کی روانی اور شہری سہولتوں کے لیے ضروری ہے، لیکن عام آدمی کو بے روزگار نہیں کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی غریب کا روزگار نہیں چھینا جائے گا اور انسدادِ تجاوزات مہم سے متاثرہ افراد کو متبادل جگہ فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے ہر شہر میں متاثرہ افراد کے لیے متبادل انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ قائد محمد نواز شریف نے بھی تجاوزات سے متاثرہ افراد کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے ہنگم تجاوزات کی وجہ سے بازاروں میں عام شہریوں کا گزرنا محال ہو چکا تھا، جس کے سدباب کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔