سربراہ عوام پاکستان پارٹی اور سابق وزیر اعظم پاکستان شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ کرپٹ اشرافیہ کی ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے، یہ سچ ہے کہ آج پورا ملک پریشان ہے، ملک میں ٹینکرز کی تعداد بڑھ گئی ہے، ملک میں پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی گیس اسمگل ہو رہی ہے، پائپ لائن ہونے کے باوجود تیل ٹینکروں سے بھیجا جاتا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اشرافیہ نالائق یا کرپٹ ہے تو اس کی ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے، ملک میں متنازع الیکشن ہوئے ہیں، موجودہ حکومت عوامی نمائندہ نہیں ہے، ملک کےعوام حکمرانوں سے اتفاق نہیں کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹینکر مافیا پائپ لائن کو چلنے ہی نہیں دیتا، پائپ لائن کے استعمال سے اخراجات میں کمی آئے گی لیکن ہم اس پائپ لائن استعمال نہیں کر پا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رول آف لاء لے آئیں ملک چلنے لگےگا، ملک کا تنخواہ دار طبقہ ساڑھے 38 فیصد ٹیکس دیتا ہے، حکومت کو اضافی اخراجات کیلئے اضافی قرض لینا پڑتا ہے، ملکی معیشت سکڑ رہی ہے، آپ اسے کامیاب ملک کہہ سکتے ہیں؟
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی فکر عوام کے ووٹ سے آنے والے کرتے ہیں، سیاستدان کا احتساب الیکشن میں ہوتا ہے، یہ حکومت اورا سمبلیاں جعلی ہیں، ان کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ اپنی تنخواہیں 400 فیصد تک بڑھا لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کہاں پہنچ چکی ہے، حکمرانوں کو ملک کی پرواہ ہے نہ ہی عوام کی فکر ہے، سیاستدان کا احتساب پولنگ اسٹیشن میں ہوتا ہے۔









