اسلام آباد (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ( ن) کے سینیر رہنماء دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان کے احتساب کا وقت آپہنچا ہے،اس کے صادق وامین ہونے کا ڈھونگ ختم ہونے جارہا ہے،تحریک انصاف سات سال سے کیس التواء میں ڈال کر راہ فرار اختیار کررہی ہے۔منگل کو الیکشن کمشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا حساب اور تلاشی مانگی جائے تو یہ منہ چھپاتے پھرتے ہیں،اب پھر کہا کہ وقت دیا جائے دلائل کل مکمل کریں گے،ان کے جواب دینے کا وقت آچکا ہے اب عمران خان جواب دینے سے بھاگ نہیں سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہر جگہ غلط بیانی کرتے ہیں،کھوکھلے نعرے،جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لئے میڈیا کردار ادا کرے،ھنگو سے قبر کھودتے وقت نکلنے والی گیس کدھر گئی،بجلی برآمد کرنے کے دعوے کدھر گئے،333 ڈیم بنانے تھے ایک نہیں بنا سکے،بجلی بنانے والا بورڈ سار امستعفی ہوگیا کہ یہاں کرپشن بہت ہے بلوچستان سے تیل کدھر گیا،انہوں نے پاکستان کے عوام کے کانوں سے مہنگائی کا دھواں نکالا،آئی ایم ایف سے جھوٹ بولا،اس سے کئے معاہدوں کو توڑا،سیاسی مقاصد کے لئے پٹرول وتیل کی قیمتیں کم کیں۔عمران خان کے یہ چالیں ناکام ہوں گی ۔
انہوں نے کہا اب روس سے تیل منگوانے کا شوشہ چھوڑا ہے،روسی سفیر نے کہا کہ اس قسم کا کوئی معاہدہ نہیں کیا،موجودہ حکومت اگر روس سے گندم خریدرہی ہے تو کیا یہ امریکی غلامی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں آج پھر جھوٹ بولا گیا ہے،اب کہا جارہا ہے کہ ہفتہ اتوار کو چیف الیکشن کمشنر لاہور جا کر ملتے ہیں،سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو گالیوں پر لگا رکھا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اکبر ایس بابر کو اس لئے نکالا گیا کہ ان کو علم تھا کہ ان کےکیس کھوکھلے ہیں۔اسی لئے شہزاد اکبر کو نکال دیا۔ہم سات سال سے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کا انتظار کررہے ہیں،صادق اور امین ہونے کا ڈھونگ اب سب کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔









