راولپنڈی (نیوز ڈیسک )ارجنٹائن کی مسلح افواج کے چیف آف دی جوائنٹ سٹاف ٹینینٹ جنرل جوآن مارٹن پیلو جو پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں نے آج جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور بشمول سیکورٹی، فوجی تبادلوں، تربیت اور موجودہ علاقائی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق ارجنٹائن کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف نے کہا کہ ان باہمی فائدہ مند بات چیت سے دوطرفہ دفاعی تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں، تعاون کو تقویت ملی ہے اور دونوں فوجوں کے درمیان باہمی مفاہمت میں اضافہ ہوا ہے۔
چیئرمین جے سی ایس سی نے ارجنٹائن اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کا اعادہ کیا۔قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے ٹینینٹ جنرل جوآن مارٹن پیلو کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔









