پاکستان بار کونسل کے ممبر اختر حسین کے استعفیٰ کی وجوہات سامنے آگئیں۔
عدلیہ میں ججز کی تقرری کے طریقہ کارسے اختلاف کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کے ممبر اختر حسین نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ممبر اختر حسین کا کہنا تھا کہ عدلیہ میں ہونے والی تقرریوں پر شدیداعتراض تھا اس لیے عہدے سے مستعفی ہوا ہوں۔
اختر حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدلیہ میں تقرریوں کیلئے سنیارٹی کا خیال نہیں رکھا گیا اور پہلے ججز اکثریت سے تقرری کرالیتے تھے جبکہ اب حکومت اکثریت کے بل پر ججز کی تقرریاں کروا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کسی گروپ کا نہیں بلکہ بار کا متفقہ نمائندہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے جوڈیشل کمیشن میں بھی اعتراض کیا اور اب احتجاجاً استعفی دیا۔
ایک اورانٹرویومیں سینئر وکیل اختر حسین نے کہا کہ حالیہ عدالتی تقرریوں سے متعلق تنازعات کی بنا پر مزید کام جاری نہیں رکھ سکتا، ہم چار پانچ سال تک کوشش کرتے رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے رولز میں ترمیم ہو۔
جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کی وجہ پوچھی گئی جس پر اختر حسین نے کہا کہ سوال کا جواب دینے کے لیے استعفے میں تو اتنا ہی لکھا جاسکتا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ استعفی میں کوئی مثالیں نہیں دی جاسکتیں،
اختر حسین نے کہا کہ ایک سوال کے جواب میں تھوڑا پیچھے جانا پڑے گا کہ 18 ویں اور 19 ویں ترمیم کے تحت جو جوڈیشل کمیشن تھا 26 ویں ترمیم سے پہلے، پاکستان بار کونسل نے مجھے 3 مرتبہ بلا مقابلہ منتخب کیا کیونکہ ہمارے بارز کے الیکشن میں جو مخالف گروپ رہتا ہے، اس نے بھی میرے انتخاب پر اعتراض نہیں کیا، میں دراصل بلا مقابلہ بار کی نمائندگی کرتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا پچھلا جو کمیشن تھا اس کے اندر ہم چار پانچ سال تک کوشش کرتے رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے رولز میں ترمیم ہو، امتیازی سلوک ختم ہو، سینیارٹی کے اصول نافذ کیا جائے، اراکین کے ساتھ بامعنی مشاورت کی جائے اور بار کونسل کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے، ججز کی اکثریت تھی، جن میں 6 ججز تھے اور 3 دوسرے نمائندہ وزیر قانون، اٹارنی جنرل اور بار کونسل کا نمائندہ شامل تھے، ججز اپنا فیصلہ کرکے آتے تھے اور انتخاب اسی طرح سے ہوجاتا تھا جس پر ہم کچھ بھی اعتراضات کریں۔
اختر حسین کا مزید کہنا تھا کہ ان سارے پریڈ میں کوئی بھی چیف جسٹس ان رولز میں ترمیم کے لیے تیار نہیں تھے اور کوئی امتیازی سلوک چھوڑنے کے لیے تیار نہیں تھے، اپنی ججمنٹ کے ذریعے سے پارلیمانی کمیٹی کو غیر مؤثر کردیا تھا، تو پھر ہماری بار کونسلز کی جانب سے یہ تجاویز سامنے آنے لگیں کہ پارلیمنٹری کمیٹی کے نمائندوں کو کمیشن میں شامل کریں آئینی ترامیم ہونی چاہیئے، یہ بھی ہمارا مطالبہ تھا کہ وفاقی آئینی عدالت بنائی جانی چاہئے۔
26 ویں ترمیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سینئر وکیل نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کے تحت جوڈیشل کمیشن کے پہلے اجلاس سے ایک دو دن پہلے میں کہا تھا کہ یہ کمیشن جس میں نان جوڈیشل ممبران کی اکثریت ہے، اگر یہ بھی اکثریت کی بنیاد پر ووٹنگ سے فیصلے کریں گے تو یہ نظام بھی نہیں چلے گا، اس پر بہت سارے سوالات اٹھیں گے۔








