اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جاپان اور سوئٹزرلینڈ نے پاکستان کے ذمے 19 کروڑ 74 لاکھ 90 ہزار ڈالرز قرض کی واپسی معطل کردی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے جاپان اور سوئٹزر لینڈ سے جی 20 کے تحت قرضوں کی معطلی کے معاہدے پر دستخط کردیئے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کو 19 کروڑ 16 لاکھ ڈالرز جنوری سے جون 2021ء کی مدت کے دوران جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کو واجب الادا تھے جبکہ جولائی سے دسمبر 2021ء کے دوران سوئس حکومت کو 58 لاکھ 90 ہزار ڈالر ادا کرنے تھے۔
اعلامیے کے مطابق رقم اب ایک سال رعایتی مدت کے ساتھ 6 سال میں قسطوں میں ادا کی جائے گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان اس سے قبل قرض کی ادائیگیوں میں سہولت سے متعلق 21 قرض دہندگان سے 91 معاہدے کرچکا ہے، جس کی مالیت 2 ارب 95 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہے۔
مجموعی طور پر پاکستان قرض ادائیگیوں میں سہولت کیلئے 3 ارب 15 کروڑ ڈالر کے معاہدے کرچکا ہے۔
جاپان اور سوئٹزرلینڈ نےپاکستان کے ذمہ 19کروڑ ڈالرز قرض کی واپسی معطل کردی








