بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مراسلے پرحکومت جوڈیشل کمیشن بنائے تو اعتراض نہیں،تعاون کریں گے،ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہاہے کہ میں نے غیرملکی سازش سے متعلق کو ئی سیاسی بیان نہیں دیابلکہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے متعلق تفصیلی بات کی تھی،اگرحکومت غیرملکی سازش کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بناتی ہے تو ہمیں اعتراض نہیں،فوج اور آئی ایس آئی مکمل تعاون کریں گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار نے کہاکہ بیرونی سازش کے معاملے پر میں نے کوئی سیاسی بیان نہیں دیا بلکہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق کل تفصیلی بات کی تھی ،کمیٹی اجلاس میں واضح کردیاگیاتھاکہ سازش کےکوئی ثبوت نہیں،میں فوج کا ترجمان ہوں اور جن چیزوں کی وضاحت کی ہے سروسز چیفس اور ڈی جی آئی ایس آئی کی طرف سے کی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ تھا اسی لیے تمام سروسزچیفس اور ڈی جی آئی ایس آئی کو بلایاگیا، نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کا ایجنڈا پہلے سے طے تھا، کمیٹی کے اجلاس میں رائے نہیں تھی بلکہ انٹیلی جنس پر رپورٹ تھی ۔ میجر جنرل بابر افتخار نے کہاکہ سروسز چیفس نے اپنے مؤقف میں واضح طور پر کہاہے کہ کسی سازش کے ثبوت نہیں ملے، کسی بھی سروسز چیف نے یہ نہیں کہاکہ سازش ہوئی ،سازش کا لفظ کمیٹی کے اعلامیے میںبھی شامل نہیں۔ایک سوال پر میجر جنرل بابر افتخارنے کہاکہ اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کاآپشن پچھلی حکومت کے پاس بھی تھا اور موجودہ حکومت کے پاس بھی ہے،اگر حکومت جوڈیشل کمیشن بناتی ہے تو فو ج کو کوئی اعتراض نہیں،حکومت جو بھی کمیشن بنائے گی فوج اور آئی ایس ایس تعاون کریں گی۔