اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان عرف گوگی کے خلاف کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، نیب نے فرح خان کے اثاثوں کی تفصیلات 4 متعلقہ اداروں سے حاصل کرلی ہیں۔
نیب نے جن اداروں سے فرح گوگی کی اثاثوں کی تفصیلات حاصل کیں ان میں سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، ایف بی آر ، پنجاب ریوینو اتھارٹی اور اسلام آباد انتظامیہ شامل ہیں۔
سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے نیب کو فرح خان کی 11 کمپنیوں کی تفصیلات مہیا کی ہیں، جس میں فرح خان کی والدہ بشریٰ خان اور شوہر احسن جمیل گجرکی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
اسلام آباد انتظامیہ نے نیب کو بنی گالہ میں فرح خان کی 200 کنال کا ریکارڈ دیا ہے، اور پنجاب ریونیو اتھارٹی نے فرح گوگی کی گوجرانوالہ، لاہور اور شیخوپورہ کی جائیدادوں کی تفصیلات دی ہیں، جب کہ ٹیکس حکام نے بھی ان کے تمام گوشواروں کی تفصیلات فراہم کردی ہیں۔
اس حوالے سے فرح کے شوہر احسن جمیل گجر نے نجی ٹی وی سے خصوصی کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ کمپنیاں ان کے نام پر تھیں، اس میں کچھ پارٹنرز بھی تھے، اور تمام جائیدادیں بھی ڈیکلئیر ہیں، جب کہ نیب کی جانب سے اب تک کوئی نوٹس نہیں ملا۔
نیب نے 4 اداروں سے فرح خان کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کرلیں








