اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما، سینٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین، سینیٹر عرفان صدیقی نے چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کو بین الاقوامی پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کا بانی چیئرمین مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف یوسف رضا گیلانی کا نہیں، پوری سینٹ بلکہ پورے ملک کا اعزاز ہے۔ چیئرمین سینٹ کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ اعزاز بطور پارلیمنٹیرین، بطور سپیکر قومی اسمبلی اور بطور چیئرمین سینٹ، گیلانی صاحب کی شاندار خدمات اور انتہائی قابل قدر کارکردگی کا اعتراف ہے۔ یہ امر ہم سب کے لیے باعث فخر ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو اس منصب پر فائز کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری کی طرف سے ان پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی پارلیمانی سپیکرز کانفرنس (ISC) کے فورم کے اہداف و مقاصد کی تکمیل کے لیے اپنا قائدانہ کردار ادا کریں گے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے سید یوسف رضا گیلانی کی اس منصب پر تقرری کو پاکستان کے جمہوری پارلیمانی نظام اور خارجہ پالیسی کی کامیابی قرار دیا۔
یوسف رضا گیلانی کی بین الاقوامی پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے بطور بانی چیئرمین تقرری پر سینٹر عرفان صدیقی کی مبارکباد








