اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، شہباز شریف نے ایران کے شہر بندر عباس دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مشکل گھڑی میں برادر ملک ایران کے ساتھ کھڑا ہے، ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی اشتعال انگیزیوں پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔
خیال رہے کہ ایران کے شہر بندر عباس میں شہید رجائی پورٹ پر دھماکا ہوا، جس میں 5 افراد جاں بحق اور 700 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ایرانی حکام کے مطابق دھماکے سے قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، دھماکا ممکنہ طور پر کیمیکل کے گودام میں ہوا، فائر ٹینڈرز آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔









