راولپنڈی:آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیرنے کہاہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے،بھارت کی کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فوری بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان آرمی کے منگلا اسٹرائیک کور کی جانب سے منعقدہ مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آرکےمطابق یہ مشق نہایت باریکی سے اس انداز میں ترتیب دی گئی تھی کہ جنگی تیاری، میدانِ جنگ میں ہم آہنگی، اور جدید ترین ہتھیاروں کے نظام کے عملی انضمام کو تقریباً حقیقی جنگی حالات میں جانچا جا سکے۔ اس مشق میں مختلف جدید صلاحیتوں جیسے کہ کثیر المقاصد لڑاکا طیارے، جنگی فضائی اثاثے، طویل فاصلے تک مار کرنے والی گولہ باری، اور جدید فیلڈ انجینئرنگ تکنیکوں کا استعمال کیا گیا تاکہ روایتی جنگی مناظر کی مکمل ترجمانی کی جا سکے۔ تمام ہتھیاروں اور سروسز سے تعلق رکھنے والے جوانوں نے ہم آہنگ جارحانہ کارروائیوں کے دوران غیر معمولی تربیت، پھرتی، اور مہارت کا مظاہرہ کیا، جو ان کی اعلیٰ تربیت اور پیشہ ورانہ قابلیت کی عکاسی کرتا ہے۔ خاص طور پر یہ مشق پاکستان آرمی کی جدید اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے مؤثر استعمال اور ان کے آپریشنل انضمام کی صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے۔
آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، جنگی مہارت، اور جذبۂ جہاد کو سراہا اور انہیں پاکستان آرمی کی آپریشنل برتری کا عملی مظہر قرار دیا۔
جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پاک افواج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کسی کو کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے،بھارت کی کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فوری، پُرعزم اور شدید جواب دیا جائے گا۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہماری تیاری اور عزم مکمل اور غیر متزلزل ہے۔
اس مشق کا مشاہدہ سینئر فوجی قیادت، فارمیشن کمانڈرز اور مختلف سروسز سے تعلق رکھنے والے معززین نے بھی کیا۔
کوئی غلط فہمی میں نہ رہے،بھارت کی فوجی مہم جوئی کا منہ توڑجواب دیا جائے گا،آرمی چیف








