پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی اقبال آفریدی(Iqbal Afridi) نے انکشاف کیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آخری ملاقات میں مجھے بتایا تھا کہ پارٹی میری بات نہیں مان رہی۔
پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید کی جانب سے سوشل میڈیا پر پارٹی رہنما اقبال آفریدی کا ایک ویڈیو بیان شیئر کیا گیا ہے جس میں اقبال آفریدی کہہ رہے ہیں کہ اڈیالہ جیل میں ہونے والی آخری ملاقات میں عمران خان نے مجھے کہا تھا کہ ’اقبال پارٹی میری بات نہیں مان رہی ہے، یہ بات میں قرآن پر ہاتھ رکھ کر کہتا ہوں‘۔
اقبال آفریدی کا اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہنا تھا میں نے دوران ملاقات عمران خان سے کہا ’خان صاحب ایم کیو ایم کا نعرہ تھا جو قائد کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے، آج میں یہ نعرہ لگا رہا ہوں جو عمران کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے۔‘
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا اس کے بعد میری عمران خان کے ساتھ دوسری ملاقات نہیں ہوئی، اگر میری عمران خان سے دوسری ملاقات ہوئی ہوتی اور انہوں نے مجھے کسی کا نام بتایا ہوتا تو وہ آج اس دنیا میں نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ہر بار ملاقات کے لیے درخواست دیتا ہوں اور جس دن میری ملاقات ہوگئی اور عمران خان نے مجھے بتا دیا کہ فلاں فلاں میری ہدایات پر عمل نہیں کر رہا تو اللہ کی ذات کی قسم میں اس کو نہیں چھوڑوں گا، میں اس کو اڑا دوں گا، یہ میرا وعدہ ہے۔









