بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم شہباز شریف کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، شمالی وزیرستان، باجوڑ اور مہمند میں کامیاب کارروائیوں پر مبارکباد

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان اور باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پانچ خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کرنے اور مہمند میں دو کو گرفتار کرنے پر فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے ایک انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ کو ہلاک اور دوسرے کو گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے سیکیورٹی اداروں نے ایک بار پھر انسانیت کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور حکومت اس جنگ میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ ریاست اپنی رٹ قائم کرنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔