ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت کے حملوں میں 31 افراد شہید اور 57 زخمی ہوچکے ہیں اور پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے معصوم شہریوں کے خون کے ایک، ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت کے حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، اس حملے سے حملہ بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا اور ہمارا دشمن اتنا بزدل ہے کہ اس نے فوج سے لڑنے کے بجائے رات کے اندھیرے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ معصوم بچے جنہوں نے ابھی زندگی کی بہاریں دیکھنی تھیں، کیا یہ وہ دہشتگردہ ہیں جنہیں بھارت نے نشانہ بنایا، اس سے پہلے ہم کئی بار دیکھ چکے ہیں کہ کس طرح بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے جس کے ثبوت دنیا کے سامنے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان نے ان کے خلاف گھیرا تنگ کیا تو بھارت خود ان کے ساتھ بربریت پر اتر آیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اب ثابت ہوچکی ہے کہ دہشتگردی اور قتل و غارت میں بھارت کس طرح ملوث ہے اور اس بات کے دنیا کے سامنے شواہد موجود ہیں، بھارتی فوج کا ایک اور عمل کہ کس طرح پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنایا گیا، قرآن پاک شہید کیے گئے، وہ کونسی انسانیت ہے جو اس بات کی اجازت دیتی ہے کہ آپ مقدس کتابوں کو شہید کریں یا عبادت گاہوں کو شہید کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے صرف ملٹری ٹارگٹ کو چنا، نہ کہ سویلین کو نشانہ بنایا، پاکستان نے دشمن کے جدید طیاروں کو دھول چٹائی اور 3 رافیل، دو دیگر طیاروں کو تباہ کیا جبکہ دشمن کی فوجی چوکیوں کو بھی تباہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 7 بھارتی ڈرونز گرائے اور 2 کو اپنے قبضے میں لیا، ابھی تک ان تمام انگیجمنٹ میں پاکستانی افواج میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا یعنی پاک فوج کا کوئی جوان شہید نہیں ہوا اور ایئرفورس کے کسی طیارے کو نقصان بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ تب کیا گیا جب پاکستان مقامی اور عالمی میڈیا کو ان مقامات کا دورہ کروا رہا تھا جن کے بارے بھارت نے جھوٹا بیانیہ بنایا کہ وہاں دہشتگرد موجود ہیں ، اس سے پہلے بھارت کے جھوٹ کا پردہ چاک ہوتا بھارت نے حملہ کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھارت نے حملہ کیا اس وقت 57 پروازیں سفر میں تھیں اور ان میں ہزاروں مسافر موجود تھے، یہ صرف پاکستان نہیں بلکہ سعودی ، چینی ، کوریا اور دیگر ممالک کی پروازیں تھیں اور بھارت نے ان تمام پروازوں کو خطرے میں ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ آج قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کارروائی کا مسلح افواج کو مکمل اختیار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، اقوام متحدہ کے قانون کے تحت پاکستان جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے اور افواج قوم کو باور کراتی ہیں کہ شہدا کے خون کے آخری قطرے کا حساب لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قوم پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، افواج پاکستان کی جانب سے قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، پاک فوج اور قوم بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہے اور قوم کو افواج پر اور افوج کو اپنی قوم پر فخر ہے۔
معصوم شہریوں کے خون کے ایک ، ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا، ترجمان پاک فوج کا اعلان
