اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امریکی سازش میں یہاں کے میر جعفر میر صادق ملے، بارودی سرنگوں والا پاکستان ہمیں ملا تھا، ہم نے آئی ایم ایف کے دباؤ کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کیں، انہوں نے ریکارڈ مہنگائی کردی، امپورٹڈ حکومت ابھی نرخ مزید بڑھائے گی۔
مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے معاملے پر ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جدوجہد اور جہاد ہماری بہتری کیلئے ہوتا ہے، ظلم کے خلاف جدوجہد کرتے ہیں تو اپنی بہتری کرتے ہیں، آگے مزید مہنگائی آنے والی ہے، موجودہ حکومت میں پٹرول، ڈیزل، بجلی اور آٹےکی قیمتیں بڑھ گئیں، ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے کسان متاثر ہوگا، کسان متاثر ہوگا تو فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل آنے پر پتہ چلے گا کہ کیا بم پھٹا ہے، ہم ڈھائی سال آئی ایم ایف پروگرام میں تھے، آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئےعوام پر بوجھ کم ڈالا، ہمارے دور میں پٹرول 12 روپے لٹر بڑھا تو مہنگائی مارچ کیا گیا، اشیا کی قیمتوں میں آگے مزید اضافہ ہوگا، آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے ہیلتھ کارڈ دیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہم نے پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کے بجائے 10 روپے کم کیے، بجلی فی یونٹ 5 روپے سستی کی، یہ کہتے ہیں عالمی مہنگائی ہے، عالمی مہنگائی تو پچھلی گرمیوں سے ہے، بارودی سرنگوں والا پاکستان تو ہمیں ملا تھا، ہم نے کورونا کے دوران اپنےعوام اور ملکی معیشت کو بچایا، اصل بارودی سرنگ تو بیرونی خسارہ ہوتا ہے، بیرونی خسارہ ڈالرز میں ہوتا ہے، یہ 20 ارب ڈالرز بیرونی خسارہ چھوڑ کرگئے تھے، فیٹف کے معاملے پر ہمارے دور میں بہت کام کیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ نیوٹرلز کو بتایا تھا حکومت کو ہٹایا گیا تو ملک سنبھالا نہیں جائے گا، شوکت ترین نے بھی نیوٹرلز کو بتایا تھا کہ سازش کامیاب کرنے کے لئے یہ وقت ٹھیک نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ’پاکستان کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں، امید کرتا ہوں کہ عوام پرامن احتجاج کے لیے باہر نکلیں گے۔‘
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ ان کرپٹ لوگوں کو پیغام جائے کہ اگر یہ سنبھال نہیں سکتے تھے تو کیوں سازش کی؟
’ہمارے دور میں بھی پیٹرول کی قیمت عالمی مارکیٹ میں زیادہ تھی اور آئی ایم ایف کا دباؤ بھی تھا، لیکن عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے ہم نے پیٹرول اور ڈیزل پر 200 ارب روپے کی سبسڈی دی۔‘
عمران خان کا کہنا ہے کہ آج ہماری معیشت خطرے میں ہے،موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ کم کردی ہے،مجھے خوف ہے کہ ملک وہاں پہنچ جائے گا جہاں سری لنکا پہنچ گیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اگر یہ حکمران ملک پر مسلط رہے تو اداروں کو دفن کردیں گے،پھر کہہ رہا ہوں صرف انتخابات نہیں،صاٖف شفاف انتخابات تک جدو جہد جاری رہے گی، صاف اور شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں مزید انتشار ہوگا۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ فیٹف قانون کی منظوری کے لیے ہمیں بلیک میل کیا گیا، مجھے امید ہے کہ ان شاءاللہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔
انہوں نےکہا کہ جب عدم اعتماد لائی گئی تو ڈالر 178 کا تھا جبکہ آج 208 کا ہے اور ہم نے ہم نے روس سے تیل لینا تھا اور بوجھ عوام پر نہیں آنے دینا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل نے امریکی سفیر کو کہا کہ ہمیں ریلیف دلادی، میں مفتاح اور شہباز کو بتانا چاہتا ہوں کہ امریکیوں کی نظر میں ہر ایک چیز کی قیمت ہے، اور امریکا ہماری حقیقی آزادی کی قیمت لے گا۔









