اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے “معرکہ حق” کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فضائیہ کے 5 اور پاک فوج کے 6 افسران و جوانوں نے قربانی کی عظیم مثال قائم کی۔ وزیرِ اعظم نے شہداء کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم نے نہ صرف ملک کا دفاع کامیابی سے کیا بلکہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔ افواجِ پاکستان نے اپنے عزم اور جذبے سے دشمن کی عددی برتری اور غرور کو خاک میں ملا دیا۔
بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 15 کم سن بچوں اور 7 خواتین سمیت 40 معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، اور ریاست ان کی بھرپور کفالت کرے گی۔
وزیرِ اعظم نے بتایا کہ شہداء پیکیج کا اعلان کیا جا چکا ہے اور شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔
“آپریشن بنیان مرصوص” کو بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب قرار دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس نے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے دوسرے ممالک کی خودمختاری کا احترام کرے۔
وزیرِ اعظم نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان ایک پرامن قوم ہے، لیکن کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اور “بنیان مرصوص” اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔