بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پارلیمنٹ نے پاک بھارت جنگ میں مثبت اور توانا کردار ادا کیا ہے، نواز شریف

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت اور بھرپور عزم سے سرزمین وطن کا دفاع کیا، اس حوالے سے پاکستان کی پارلیمنٹ نے بھی نہایت مثبت اور توانا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے ہر قسم کی سیاسی تقسیم بھلا کر ایک آواز میں بولنا خوش آئند اقدام ہے۔ عوام کے نمائندوں نے 24 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنی بہادر مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار سینٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج رائیونڈ میں ان سے ملاقات کی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس فتح پر ہم اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔ سابق وزیراعظم نے پاکستانی میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کیا جس نے سچ پر مبنی بیانیہ کو دنیا کے سامنے رکھا اور دشمن کے جھوٹ کو پوری قوت سے بے نقاب کیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) کو پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔