مکہ مکرمہ (خواجہ بابر )سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیم کے تحت مجموعی طور پر 24 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں ۔ حج سے قبل فلائٹ آپریشن 30 جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔مکہ مکرمہ میں قائم مرکزی کنٹرول آفس سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 ہزار عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں ۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابقمدینہ منورہ کی زیارت مکمل کرنے والے 10 ہزار عازمینِ حج کو مکہ مکرمہ پہنچادیا گیا ہے ۔ جبکہسرکاری حج سکیم کے 7 ہزار عازمینِ حج ابھی مدینہ منورہ میں موجود ہیں جنہیں مدینہ منورہ میں 8 روزہ قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ کیا جائے گا۔ پیر کو بھی 06 پروازوں کے ذریعے مزید 17 سو عازمینِ حج جدہ ایئرپورٹ پہنچیں گے۔نجی حج سکیم کے تحت 16 سو عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں ۔ جن میں سے 982 مکہ مکرمہ جبکہ600 سے زائد مدینہ منورہ میں مقیم ہیں ۔ 129 افراد پر مشتمل طبی عملہ اور 202 معاونین حج مکہ ، مدینہ اورجدہ میں انتظامی امور میں مصروف ہیں۔ پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین کو بہتر سہولیات کیلئے 7 نجی کمپنیوں کی ابتدائی مانیٹرنگ مکمل کر لی گئی ہے ۔
شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھول کر حج مشن آنے والے 121 عازمین حج کو انکی رہائش گاہوں تک پہنچایا گیا۔ حرم گائڈز نے حرم شریف کے باہر کئی ہزار عازمین حج کی درست راستے کی طرف رہنمائی کی ہے۔ ذاتی سامان گم ہونے کی 298 شکایات موصول؛ 253 اشیاء تلاش کر کے عازمین کے حوالے کی گئیں۔ مین کنٹرول آفس نے اب تک صفائی ، موبائل سم، پانی ، رہائش اور کھانے سے متعلق 118 شکایات کا ازالہ کیا ہے ۔عازمینِ حج کی صحت کی حفاظت کیلئے ماہر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی زیر نگرانی دو ہسپتال اور 6 ڈسپنسریاں مصروف عمل ہیں ۔
مرکزی کنٹرول آفس مکہ مکرمہ نے ضعیف عازمینِ حج کو میڈیکل کی بنیاد پر 46 وہیل چیئرز مہیا کی گئیں مرکزی کنٹرول آفس کے شعبہ سہولت و تعاون کی زیر نگرانی تمام شعبہ جات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔عازمینِ حج کو 24 گھنٹے سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر شعبہ کا سٹاف شفٹوں میں متعین کیا گیا ہے۔









