نئی دہلی: – بھارتی وزارتِ دفاع کے تحت کام کرنے والے تھنک ٹینک’’ سینٹر فار جوائنٹ وارفیئر اسٹڈیز‘‘نے دعویٰ کیاہےکہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران چین نے پاکستان کو فضائی دفاع اور سیٹلائٹ مدد فراہم کی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیجنگ اس تنازع میں اندازوں سے زیادہ براہ راست ملوث تھا
۔نئی دہلی میں قائم سینٹر فار جوائنٹ وارفیئر اسٹڈیز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اشوک کمار نے ایک انٹرویو میں کہا کہ چین نے پاکستان کو ریڈار اور فضائی دفاعی نظام کو دوبارہ منظم کرنے میں مدد دی تاکہ بھارت کی افواج اور ہتھیاروں کی تعیناتی کا مؤثر انداز میں پتہ چلایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کو پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کے ساتھ کشیدگی کے آغاز کے 15 روز میں بھارت کے اوپر سیٹلائٹ کوریج کو ایڈجسٹ کرنے میں بھی مدد دی۔
انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کو فضائی دفاعی ریڈار کی ازسرِنو تعیناتی کرنے میں مدد کی تاکہ اگر بھارت فضائی راستے سے کوئی کارروائی کرے تو انہیں اس کی پیشگی اطلاع ہو۔
واضح رہے کہ سینٹر فار جوائنٹ وارفیئر اسٹڈیز بھارتی مسلح افواج میں ہم آہنگی اور جدیدیت پر توجہ مرکوز رکھتا ہے، اس کے مشاورتی بورڈ میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، بھارت کے اعلیٰ عسکری کمانڈر اور آرمی، ایئر فورس اور نیوی کے سربراہان شامل ہیں۔
چین نے پاکستان کوبھارت کیخلاف فضائی دفاع اور سیٹلائٹ مدد فراہم کی ،بھارتی تھنک ٹینک








