اسلام آباد (نیوز ڈیسک)عالمی بینک کے اعلیٰ سطحی وفد نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ون ونڈو سینٹر اسلام آباد کا دورہ کیا، جس کا مقصد مستحق خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کا جائزہ لینا تھا۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے عالمی بینک وفد کا خیر مقدم کیا، جس کی قیادت عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر برائے آپریشنز محترمہ اینا بجرڈے کر رہی تھیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ بھی موجود تھے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے تحت پاکستان کی لاکھوں غریب خواتین کو قومی شناخت ملی اور نادرا کے بعد سب سے بڑا ڈیٹا بیس بی آئی ایس پی کے پاس موجود ہے۔ انہوں نے عالمی بینک کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ورلڈ بینک کے ساتھ تعاون اور شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے وفد کو بی آئی ایس پی کے اقدامات اور ون ونڈو آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے مرکز کی کارکردگی اور نظام کو سراہا اور سینٹر میں موجود خواتین سے بات چیت بھی کی۔
وفد کی سربراہ اینا بجرڈے نے بی آئی ایس پی کے مشروط اور غیر مشروط مالی معاونت کے پروگرامز کو موثر قرار دیا اور بینظیر نشوونما پروگرام کو ماں اور بچے کی صحت و غذائیت کے حوالے سے بہترین اقدام قرار دیا۔









