بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 8 سال بعد محفوظ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار  اکبر ایس بابر کے فنانشل ایکسپرٹ نے دورانِ سماعت  بتایاکہ پی ٹی آئی فنڈز میں آڈٹ کے اصول اور معیارکو نظر اندازکیا گیا ہے، ڈونرز تھرڈ پارٹی نہیں،  پی ٹی آئی قیادت کی اپنی بنائی ہوئی کمپنیاں ہیں۔

اس موقع پر اکبر ایس بابر نے کہا کہ پہلی بارکوئی سیاسی جماعت الیکشن کمیشن میں فنڈنگ کی تفصیلات دے رہی ہے، ہرسیاسی جماعت کو الیکشن کمیشن کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے۔

اس  پر چیف  الیکشن کمشنر نے کہا کہ دونوں طرف کی سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کا کیس فائنل ہوا ہے، چاہتے ہیں دوسری سیاسی جماعتوں کے کیسزکا بھی اختتام ہو، ووٹر کا اعتماد بحال ہو، ملک کو جمہوری طور پر مضبوط کرنا ہے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے کیس کے فیصلے کے لیے کوئی حتمی وقت  نہیں دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس 8 سال زیر سماعت رہا۔

کیس کا پسِ منظر

14 نومبر 2014 کو پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں  یہ کیس دائر کیا گیا تھا جس کی 8 سالہ طویل سماعت  میں پی ٹی آئی نے 30 مرتبہ التوا مانگا اور پی ٹی آئی نے 6 مرتبہ نے کیس کے ناقابل سماعت ہونے یا الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار سے باہر ہونے کی درخواستیں دائر کیں۔