بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

استنبول میں روس اور یوکرین کے مذاکرات کا دوسرا دور ختم، قیدیوں اور لاشوں کی حوالگی پر اتفاق

استنبول میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری امن مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کا اختتام ہو گیا ہے، جس کے بعد دونوں وفود نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اہم پیش رفت کا اعلان کیا۔ مذاکرات کے دوران قیدیوں کے تبادلے، لاشوں کی حوالگی اور جنگ بندی سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
یوکرین کے وزیر دفاع نے اعلان کیا کہ روس اور یوکرین کے درمیان 6 ہزار ہلاک شدہ فوجیوں کی لاشیں واپس کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان 25 سال سے کم عمر کے شدید بیمار جنگی قیدیوں کے تبادلے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
یوکرینی وفد کے مطابق مذاکرات میں 30 روزہ غیر مشروط جنگ بندی کی تجویز پیش کی گئی، مگرروسی حکام نے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔ یوکرین نے زور دیا کہ دیرپا امن کے لیے اعلیٰ سطح پر براہ راست بات چیت ضروری ہے۔
روسی وفد کے سربراہ نے کہا کہ ہم نے مختلف مقامات پر تین روزہ جنگ بندی کے لیے مخصوص تجاویز پیش کی ہیں تاکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پیش رفت ممکن ہو سکے۔ دونوں فریقین نے امن تصفیے کی ممکنہ شرائط کے ساتھ یادداشتوں کا تبادلہ کیا ہے۔