بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال کے معاشی اہداف کی منظوری دیدی

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں معرکۂ حق میں پاکستان کی تاریخ ساز فتح، موجودہ معاشی استحکام، اور آئندہ مالی سال کے ترقیاتی اہداف پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس کے آغاز پر شرکاء کو 10 مئی کے معرکۂ حق میں پاکستان کی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور دلیری کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بھارت کے حالیہ بیانات کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانی قوم ملکی سالمیت کے تحفظ کے لیے متحد ہے۔
وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے پاکستان کو آبی وسائل سے محروم کرنے کی دھمکیوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد اب آبی تحفظ کی جدوجہد میں بھی بھارت کو شکست دی جائے گی۔ اس حوالے سے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ خصوصی اجلاس بلا کر مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جائے گی۔
ترقیاتی اہداف اور بجٹ کی منظوری
اجلاس میں 2024-25 کے لیے قومی ترقیاتی پروگرام کی تفصیلات پیش کی گئیں، جن کے مطابق 3483 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، جن میں سے 1100 ارب وفاق اور 2383 ارب صوبوں کا حصہ ہے۔ قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے 4224 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی، جس میں 1000 ارب وفاقی جبکہ 2869 ارب روپے صوبائی منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو 2024-25 کے لیے 2.7 فیصد جبکہ 2025-26 کے لیے 4.2 فیصد مقرر کی گئی۔ ترسیلات زر میں 30.9 فیصد اضافہ اور کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس کا مثبت ہونا بھی نمایاں پیش رفت کے طور پر پیش کیا گیا۔
معاشی استحکام اور شعبہ جاتی اصلاحات
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 میں مالیاتی خسارہ مجموعی قومی پیداوار کا 2.6 فیصد رہا جبکہ پرائمری بیلنس میں بہتری آ کر 3 فیصد تک پہنچ گیا۔ پالیسی ریٹ میں کمی کے بعد یہ 11 فیصد پر آ چکا ہے اور نجی شعبے کو دیے جانے والے قرضے 681 ارب روپے تک جا پہنچے ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ رواں مالی سال میں جی ڈی پی کا حجم 114 ٹریلین روپے یا 411 ارب امریکی ڈالر ہوگا۔ زرعی شعبے کو ملکی ترقی میں کلیدی حیثیت دیتے ہوئے زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے نئی حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے۔

پانچ سالہ منصوبہ اور “اڑان پاکستان فریم ورک” کی منظوری
قومی اقتصادی کونسل نے 13ویں پانچ سالہ منصوبہ (2024-2029) اور “اڑان پاکستان فریم ورک” کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ دونوں منصوبے ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہیں اور قومی ترقی کی مشترکہ سمت کی نمائندگی کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں سی ڈی ڈبلیوپی اورایکنک کی جانب سے اپریل 2024 تا مارچ 2025 کے دوران منظور کیے گئے منصوبوں کی رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کی گئی جب کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں آئندہ منصوبہ بندی کا فیصلہ کیا گیا۔
اتفاق رائے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے تمام نکات کی متفقہ منظوری پر شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی امور پر اسی نوعیت کا اتفاق رائے ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور چاروں وزرائے اعلیٰ سمیت قومی اقتصادی کونسل کے دیگر ارکان شریک تھے۔