آذربائیجان اسٹیٹ آئل اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے درمیان ایل این جی فریم ورک اگریمنٹ تین سال بڑھانے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے دورۂ آذربائیجان سے متعلق اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق صدر آذربائیجان الہام علیوف نے وفاقی وزیرِ اعلیٰ پرویز کو باکو آمد پر خوش آمدید کہا ہے۔
علی پرویز ملک نے باکو انرجی ویک سے خطاب اور عالمی توانائی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں، علی پرویز ملک نے سی ای او ترکش پیٹرولیم احمد ترکوگلو، اماراتی کمپنی مبادلہ کے چیئرمین اور آذربائیجان کے وزیرِ توانائی اور وزیرِ خزانہ سے بھی توانائی شراکت داری پر بات چیت کی۔
علی پرویز ملک سے وزیرِ اعظم آذربائیجان علی اسادوف نے بھی ملاقات کی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آذربائیجان پاکستان میں مختلف شعبوں میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق یہ دورۂ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کا تسلسل ہے، آذربائیجانی قیادت کی وزیرِ پیٹرولیم سے ملاقاتیں پاک آذربائیجان اسٹریٹیجک تعلقات کی عکاس ہیں۔
اعلامیے کے مطابق صدرآذربائیجان نے کہا ہے کہ پاک ترکیے آذربائیجان سہ فریقی اجلاس بھائی چارے اور یکجہتی کی علامت ہے، پاکستان آذربائیجان کے مابین شراکت داری نئی منزلوں کو چھو رہی ہے، اس تعاون کو توانائی کے شعبے میں مزید بڑھائیں گے۔