بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارتی طلبہ کا احتجاج، بھارتی سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکرکا بیان سامنے آگیا

نئی دہلی: بھارت میں امتحانی نظام اور طلبہ کے احتجاج کے معاملے پر کھیلوں کی دنیا کی متعدد معروف شخصیات بھی میدان میں آ گئیں۔ سابق کرکٹرسچن ٹنڈولکر، یووراج سنگھ، شیکھر دھون، محمد کیف سمیت اولمپک گولڈ میڈلسٹ ابھیناؤ بندرا، میرا بائی چانو، وینیش پھوگاٹ اور منو بھاکر نے تعلیمی نظام میں شفافیت، احتساب اور مؤثر اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں سچن ٹنڈولکر نے اپنے مرحوم والد کی نصیحت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ناکامی قابلِ قبول ہو سکتی ہے، لیکن دھوکا دہی ہرگز قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے شارٹ کٹ اختیار کرنے کے بجائے محنت، دیانت داری اور میرٹ کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ اگر طلبہ کو یہ احساس ہو کہ ان کی محنت کا انہیں منصفانہ صلہ نہیں ملا تو یہ ایک سنجیدہ تشویش ہے۔ ان کے مطابق معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر ایسا نظام تشکیل دینا چاہیے جہاں انصاف، شفافیت اور میرٹ کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔

سچ کے ساتھ کھڑا ہوں : بھارتی اداکار پرکاش راج کا طلبہ کے احتجاج پر بیان

دوسری جانب اولمپک گولڈ میڈلسٹ ابھیناؤ بندرا نے بھی تعلیمی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو سیاسی مفادات سے بالاتر رکھا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کا مستقبل ایک شفاف، منصفانہ اور قابلِ اعتماد امتحانی نظام سے وابستہ ہے۔

دیگر معروف کھلاڑیوں نے بھی اپنے بیانات میں اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کے اعتماد کی بحالی کے لیے امتحانی نظام میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور احتساب کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

بھارت میں حالیہ دنوں امتحانی معاملات پر ہونے والے احتجاج کے بعد کھیلوں کی ممتاز شخصیات کی جانب سے سامنے آنے والے یہ بیانات سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، جہاں صارفین تعلیمی اصلاحات اور میرٹ کے فروغ پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔