بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم  کی منیٰ پیلس میں سعودی ولی عہد سے ملاقات ،دوطرفہ تعاون پرتبادلہ خیال

ریاض: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے منیٰ پیلس میں ملاقات کی  ۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں نے عیدالاضحی کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا،اس موقع پر دوطرفہ تعاون کے امکانات اور انہیں مختلف شعبوں میں فروغ دینےطریقوں کاجائزہ لیاگیا۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماوں نے عیدالاضحی کی مبارکباد کا تبادلہ، دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات پر تبادلہ خیال دوطرفہ تعاون کے امکانات اور انہیں مختلف شعبوں میں فروغ دینے طریقوں کا جائزہ لیا۔  انہوں نے علاقائی صورتحال، خطے میں سلامتی اور استحکام کے حصول کےلیے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العبیان، وزیر مملکت برائے خارجہ اور موسمیاتی امور کے ایلچی عادل الجبیر، وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی موجود تھے۔
پاکستان کی طرف سے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، مملکت میں سعودی سفیر احمد فاروق، آرمی چیف کے فرسٹ سیکریٹری میجر جنرل محمد جواد طارق اور وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری اور چیف آف پروٹوکول ٹیپو سلطان نے شرکت کی۔
قبل ازیں پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوگی، علاقائی امن و سلامتی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیرِاعظم حالیہ پاکستان اور انڈیا کشیدگی کو کم کرنے میں سعودی قیادت کے تعمیری کردار پر شکریہ بھی ادا کریں گے۔
اعلامے کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ، آزمودہ اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، جو باہمی عقیدے، احترام اور تزویراتی شراکت داری پر مبنی ہیں۔ یہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی بھی تصدیق کرتا ہے، جو سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات کے دروازے کھولنے کی توقع ہے۔