بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی حجاج کی طرف سے قربانی کا انتظام اسلامی ترقیاتی بنک کے سپرد ،معاہد ہ طے پاگیا

 جدہ(ممتازرپورٹ)پاکستانی حاجیوں کی طرف سے حج کے موقع پر شرعی اصولوں کے مطابق قربانی کے انتظامات اسلامی ترقیاتی بنک کرے گا ۔اس ضمن میں پاکستان حج مشن اوراسلامی ترقیاتی بنک کے درمیان  مفاہمت کی یاداشت( ایم او یو) پر دستخط ہوگئےہیں، پاکستانی حاجیوں کے لئے قربانی کی رقم 849 سے کم کر کے 809 کر دی گئی ہے ۔
مفاہمت کی یاداشت پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر ڈی جی حج مکہ ابرار مرزا ، ڈائریکٹر ساجد منظور اسدی اور اسلامی ترقیاتی بنک کے ایم ڈی اور نمائندے موجود تھے ۔ ڈائریکٹر حج ساجد منظور اسدی کے مطابق آئی ڈی بی کے ساتھ طے پانے والایم او یو ان سرکاری سکیم کے حاجیوں کے لئے ہے جنہوں نے قربانی کی رقم جمع کرا رکھی ہے ،ہم نے ان کو بتایا ہے کہ ہمارے بعض عازمین ایسے بھی ہیں جو اس وقت جلدی کی وجہ سے یا رقم نہ ہونے کی وجہ سے پیسے جمع نہیں کرا سکے۔ آئی ڈی بی کے نمائندے کا کہنا تھا کہ جن پاکستانی عازمین نے قربانی کی جمع نہیں کرائی ان کو بھی قربانی کی رقم جمع کرانے کے لئے 5 ذوالحج تک کا وقت دیا جائے گا۔
ساجد منظور اسدی نے بتایا کہ ہماری درخواست پر قربانی کی رقم 40 ریال کم کی گئی ہے اور قربانی کے تمام تر امور اسلامی ترقیاتی بنک سرانجام دے گا ۔
انہوں نے ہمیں قربانی کے طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قربانی کو شرعی اصولوں کے مطابق یقینی بنایا جائے گا ۔ قربانی کا جانور بھی مقررہ معیار کے مطابق ہوگا ۔ ماہر حیوانات اور علماء پر مشتمل ٹیم اس معیار کو معائنہ کے بعد منظور کرے گی ۔ ہر قربانی کے کوپن کی قربانی یقینی ہوگی کیونکہ یہ سعودی حکومت کا پراجیکٹ ہے ۔ ہر حاجی کو اس قربانی کی اطلاع بھی دی جائے گی ۔ اسلای ترقیاتی بنک نے ہمارے ساتھ اپنا سسٹم شیئر کیا ہے جس میں ہم ہر حاجی کا نام ، موبائل نمبر اور دیگر معلومات ڈالیں گے ۔ جب قربانی ہوگی تو حاجی کو اس کی اطلاع دی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ قربانی کا یہ نظام شفاف ، شرعی اور حفظان صحت اصولوں کے مطابق ہے ۔ انہوں نے ہمیں یہ بھی کہا ہے کہ بعض پرائیویٹ لوگ حاجیوں سے کہتے ہیں کہ وہ ان کی طرف سے قربانی کریں گے حالانکہ یہ سعودی قوانین کی سخت خلاف ورزی ہے ۔ ایسے لوگ تمام تقاضے پورے نہیں کرتے ۔ ایسے لوگ قربانی کا گوشت ضائع کرتے ہیں جبکہ اسلامی ترقیاتی بنک کے ذریعہ ہونے والی قربانی کاگوشت پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کے مستحق لوگوں کو بھجوایا جاتا ہے ۔ پرائیویٹ لوگوں کے ذریعہ قربانی کرنے سے رقم ضائع ہونے کا خدشہ ہوتا ہے ان کے جانوروں کے بھی معیاری ہونے کی کوئی ضمانت نہیں ہوتی اور پھر اگروہ کسی کی رقم لے کر بھاگ جائیں توان کی پکڑ مشکل ہو جاتی ہے ۔
ڈائریکٹر حج مکہ نے کہا کہ ہماس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہر حاجی کی قربانی کی رقم اپنی صحیح جگہ پر لگے اور کسی قسم کا مسئلہ نہ ہو۔