بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

والدین کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد اُن کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے، اریج محی الدین

اداکارہ اریج محی الدین کا کہنا ہے کہ والدین اور قریبی رشتہ داروں کی اہمیت کا اندازہ تب ہوتا ہے جب وہ دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں۔

اریج محی الدین حال ہی میں عید کے موقع پر ندا یاسر کے ’عید مارننگ شو‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

اداکارہ نے کہا کہ اب جو عید آتی ہے وہ پہلے جیسی نہیں رہی کیونکہ اس میں وہ لوگ قریب نہیں ہوتے جو پہلے ہوا کرتے تھے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ وہ عید اسلام آباد میں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مناتی تھیں، جہاں ان کی نانی اور والد موجود ہوتے تھے لیکن اب دونوں کا انتقال ہوچکا ہے، اسی لیے اب عید پر وہ خوشی محسوس نہیں ہوتی جو پہلے ہوا کرتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ رشتے ایسے ہوتے ہیں کہ جب آپ کے پاس موجود ہوں تو ان کی قدر محسوس نہیں ہوتی اور جب یہ دنیا سے چلے جائیں تو انسان کو ان کی اہمیت کا بھرپور احساس ہوتا ہے۔

اریج محی الدین نے مزید بتایا کہ پہلے عید پر صبح سویرے اٹھ کر تیار ہونے کا دل نہیں چاہتا تھا، لیکن والد کے اصرار پر وہ اٹھ کر تیار ہوتی تھیں، اب عید پر کوئی نہیں جو کہے کہ تیار ہوجاؤ، سب کچھ بدل گیا ہے۔

واضح رہے کہ اریج محی الدین نے کئی مشہور ڈراموں میں کام کیا ہے جن میں ’قصہ مہربانو کا، میرے ہی رہنا اور قربتیں‘ شامل ہیں۔

اریج سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر اپنی تصاویر، ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں۔