بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

‘لال پری’ کے ڈانس اسٹیپس پر نقل کا الزام لگ گیا

بھارتی ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئٹر سندیپ برہمن نے معروف کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے فلم ’ہاؤس فل 5‘ کے گانے ’لال پری‘ میں اُن کے مشہور ڈانس اسٹیپس کو بغیر اجازت اور کریڈٹ کے نقل کیا ہے۔

سندیپ برہمن نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ فلم میں دکھائے گئے رقص کا مخصوص انداز اُن کی ایک پرانی ویڈیو سے لیا گیا ہے، لیکن انہیں نہ تو کسی طرح کا کریڈٹ دیا گیا اور نہ ہی ان سے اجازت لی گئی۔


ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ‘آپ سب میرے سگنیچر مووز کو جانتے ہی ہیں، میرے ڈانس اسٹیپس ‘ہاؤس فل 5’ کے گانے لال پری میں کاپی کیے گئے ہیں، میرے کئی دوستوں نے مجھے انسٹاگرام پر میسج کیا، میں نے دوبارہ انسٹاگرام اور یوٹیوب پر جا کر چیک کیا، لیکن کہیں بھی میرا نام یا کریڈٹ نہیں دیا گیا، مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ یہ سب کیا ہو رہا ہے، میں چاہتا ہوں آپ سب مجھے سپورٹ کریں’۔

سندیپ نے اپنی ویڈیو میں فلم کے سین اور اپنی پرانی ویڈیو کے کلپس کو ساتھ ساتھ پیش کیا، جس میں دکھایا گیا کہ کس طرح اکشے کمار، ابھیشیک بچن اور رتیش دیشمکھ وہی مخصوص ڈانس اسٹیپس دہرا رہے ہیں جو سندیپ پہلے ہی اپنی ویڈیوز میں کئی بار کر چکے ہیں۔

یہ الزام ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب فلم ’ہاؤس فل 5‘ باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہے۔

فلم 6 جون کو ریلیز ہوئی اور یہ کامیاب ‘ہاؤس فل فرنچائز’ کی پانچویں قسط ہے، فلم کے ہدایتکار ترن منسکھانی ہیں جبکہ اسے ساجد ناڈیاڈوالا، وردہ ناڈیاڈوالا اور فیروزی خان نے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم میں اکشے کمار، ابھیشیک بچن، رتیش دیشمکھ، سنجے دت، فردین خان، جیکولین فرنینڈس، سونم باجوہ اور دیگر شامل ہیں۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کو 2 ورژنز، یعنی ’ہاؤس فل 5-اے’ اور ’ہاؤس فل 5-بی’ کے ساتھ ریلیز کیا گیا ہے، جن کے کلائمکس مختلف ہیں۔

فی الحال ریمو ڈی سوزا نے اس الزام پر کوئی ردِعمل نہیں دیا، لیکن سندیپ برہمن کے دعوے نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

’لال پری‘ گانا پہلے ہی فلم کی ریلیز کے بعد سے ٹرینڈ کر رہا ہے اور اب یہ تنازع مزید توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا فلم کی پروڈکشن ٹیم یا ریمو ڈی سوزا اس معاملے پر باضابطہ بیان جاری کریں گے یا نہیں۔