فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کو رواں مالی سال 2025-26 کے دوران ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے میں ایک بار پھر مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ 11 ماہ کے دوران مجموعی شارٹ فال 860 ارب روپے سے تجاوز کرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مئی 2026 کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 1150 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا، تاہم اب تک تقریباً 965 ارب روپے جمع ہو سکے ہیں، جس کے باعث صرف اس ماہ میں 185 سے 190 ارب روپے تک کی کمی کا امکان ہے۔
مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں پہلے ہی 683 ارب روپے کا شارٹ فال ریکارڈ کیا جا چکا تھا، جبکہ 11 ماہ کے اختتام تک یہ خسارہ بڑھ کر 860 ارب روپے سے بھی زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔
مزید پڑھیں؛کراچی میں ریلویز کا بڑا آپریشن، 1 ارب 42 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی زمین واگزار
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام کو امید ہے کہ ماہ کے آخری دنوں اور اتوار کو دفاتر کھلے رہنے سے وصولیوں میں معمولی بہتری آ سکتی ہے، تاہم مجموعی ہدف کے حصول میں مشکلات برقرار ہیں۔
رواں مالی سال کے آغاز میں ایف بی آر کا سالانہ ٹیکس ہدف 14 ہزار 131 ارب روپے رکھا گیا تھا، جسے بعد میں آئی ایم ایف کی مشاورت سے کم کر کے 13 ہزار 989 ارب روپے کر دیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود ریونیو کلیکشن میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے ایف بی آر کے ٹیکس ہدف کو بڑھا کر 15 ہزار 267 ارب روپے کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس سے ریونیو پالیسی پر مزید دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔









