بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سہیل آفریدی کے وارنٹ گرفتاری جاری، قانون مطابق کارروائی ہوگی، ثمر بلور

خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات اور ایڈوائزری کونسل کی رکن ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کسی بھی شخص کے خلاف کارروائی شواہد اور قانونی تقاضوں کی بنیاد پر ہوگی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار ہونے والے دیگر رہنماؤں کے نام بھی سامنے آئیں گے۔

پشاور میں زلمی مدرسہ لیگ کے ساتویں سیزن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات ثمر بلور نے صوبے کی سیاسی صورت حال، وفاق سے فنڈز کی فراہمی، دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع سمیت مختلف امور پر اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں، تاہم تمام کارروائیاں قانون کے دائرے میں رہ کر کی جائیں گی اور کسی کو بھی شواہد کے بغیر سزا نہیں دی جائے گی۔

مشیر اطلاعات نے وفاق اور صوبے کے مالی معاملات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات ہوگی جس میں خیبرپختونخوا کو درپیش مالی مسائل اور فنڈز کی فراہمی کے معاملات زیر بحث آئیں گے، وفاق کی جانب سے دیے جانے والے فنڈز جلد از جلد ملنے کی توقع ہے تاکہ صوبے میں ترقیاتی اور دیگر ضروری اقدامات کو آگے بڑھایا جاسکے۔

انہوں نے 12 اضلاع کے حوالے سے بھی 100 دن کے اندر اقدامات کیے جانے کی بات کی۔

صوبائی دارالحکومت پشاور میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے ثمر بلور نے واضح کیا کہ سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی سفارش یا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔

کسی شخص کو خوش کرنے یا کسی سے سیاسی و ذاتی انتقام لینے کے لیے عمارتیں مسمار نہیں کی جارہیں بلکہ آپریشن کا بنیادی مقصد سرکاری زمین واگزار کرانا، شہریوں کے لیے سڑکیں کھولنا اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری زمین پر قائم تمام غیر قانونی عمارتوں اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی، شہر میں ٹریفک کی روانی اور بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ضروری ہے، اس لیے تجاوزات کے خاتمے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

زلمی مدرسہ لیگ کے ساتویں سیزن کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد دیتے ہوئے مشیر اطلاعات ثمر بلور نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ دینی مدارس میں زیر تعلیم بچوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا ایک بہترین موقع فراہم کررہا ہے، ایسے مقابلوں سے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے جو مستقبل میں صوبائی اور قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زلمی مدرسہ لیگ کے انعقاد سے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے اور دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان امن پسند، محب وطن اور کھیلوں سمیت مثبت سرگرمیوں میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ میں 15 وفاقی مدارس کے ساتھ خیبرپختونخوا کی متعلقہ اتھارٹیز بھی شریک ہیں، جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔

مزید پڑھیں:ایمن خان کی فٹنس اور بدلے انداز نے مداحوں کو متوجہ کرلیا

ثمر بلور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور نوجوان امن چاہتے ہیں اور صوبے کے بچوں کو بھی تعلیم، کھیل اور ترقی کے وہ تمام مواقع ملنے چاہئیں جو پاکستان کے دیگر علاقوں کے بچوں کو دستیاب ہیں۔