اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جس طرح حالیہ جنگ میں پاکستان نے بڑے دشمن کو شکست فاش دی اسی طرح معاشی میدان میں بھی ایسی ہی کامیابیاں حاصل کرنی ہے، پاکستان اب معاشی میدان میں ’ٹیک آف‘ کی پوزیشن میں ہے۔
اسلام آباد میں بجٹ تجاویز پر وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایسے مقام پر ہے جہاں ہمیں آگے بڑھنا ہے، تمام معاشی اشاریے باعث اطمینان ہیں، برآمدات اور ترسیلات زر، آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اب ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کرنی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا کہ ’تنخواہ دار طبقے نے سارا بوجھ اٹھایا ہے۔ وہ کہتے ہیں 400 ارب ٹیکس دیا جبکہ اشرافیہ نے اس کے مقابلے میں کتنا ٹیکس دیا؟ مجھ سمیت اشرافیہ کو جواب دینا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جس طرح حالیہ جنگ میں پاکستان نے بڑے دشمن کو شکست فاش دی اسی طرح معاشی میدان میں بھی ایسی ہی کامیابیاں حاصل کرنی ہے۔ پوری قوم متحد ہے اس اتحاد سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے پانی کو بند کرنے کی دھمکی دی، ہم اپنے حصے کا ایک ایک قطرہ لے کر رہیں گے لیکن داخلی طور پر بھی آبی مسائل کو حل کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان میں پانی کی سٹوریج کو بڑھانا ہو گا۔ ’اس سلسلے میں متعلقہ اداروں نے بڑی محنت کی ہے اور عرق ریزی سے بجٹ کی تیاری کی ہے۔
پاکستان معاشی میدان میں ٹیک آف کی پوزیشن پر ہے، وزیر اعظم شہبازشریف
