اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب بنی گالہ میں دو جھنڈوں کے درمیان بیٹھ کر انقلاب نہیں آتا۔
عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جیل میں عمران صاحب آپ اور چیئرمین نیب کو ہونا چاہیے جو پونے چار سال قانون اور انصاف کی دھجیاں اڑاتے رہے، دو جھنڈے رکھ کر عمران صاحب آپ روئیں، پٹیں یا چیخیں، آپ کی کرپشن کے پول کھل چکے ہیں اور عوام نے آپ کو مسترد کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب، ایف آئی اے اور وزیراعظم کی کرسی استعمال کر کے بھی عمران صاحب اپنے الزامات ثابت نہ کر سکے، عمران صاحب چار سال نیب اور ایف آئی اے کو استعمال کر کے بھی آپ ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے اور پونے چار سال جعلی احتساب کا بیانیہ چلاتے رہے جو ناکام ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ریکارڈ اور اختیار ہونے کے باوجود ایک دھیلے کی کرپشن آپ ثابت نہ کر سکے، اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے جھوٹے مقدمات بنا کر بھی عمران صاحب آپ نا کام ہو گئے، عمران صاحب برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے پاس گئے لیکن وہاں سے بھی منہ کی کھانا پڑی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چار سال عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے والے نے پہلے غیرملکی سازش پر قوم کو گمراہ کرنے کی سازش کی اور اب نیب قوانین پر گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، عمران صاحب پھر نیب نیازی گٹھ جوڑ کو استعمال کرنا چاہتے ہیں جس کے ذریعے انہوں نے سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں ناحق قید کیا، وزیراعظم شہباز شریف آج بھی عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل میں آپ جیسے زاتی مفادات کے لئے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے کو ہونا چاہئیے، جیل میں آپ جیسے سیاسی انتقام کے لئے ہر غیر قانونی ہتھکنڈہ استعمال کرنے والے کو ہونا چاہیے، جیل میں آپ جیسے نیب کو استعمال کر کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تمام اختیارات اور طاقت ہوتے ہوئے نیب ایف آئی اے اور این سی اے میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے، تمام طاقت اور اختیار کو استعمال کر کے مریم نواز پہ جھوٹے مقدمات بنائے جنھوں نے کبھی کوئی سرکاری عہدہ نہیں رکھا، عمران صاحب کی چیخیں صرف اپنی چوری اور کرپشن چھپانے کے لئے نکل رہی ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیب ترمیم سے موجودہ کیسس پہ کوئی فرق نہیں پڑے گا، شہباز شریف آج بھی جھوٹے الزامات کے باوجود پیشیاں بھگت رہے ہیں، عمران خان اب عوام کو گمراہ کرنا چھوڑ دیں۔









