بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خود کو جان سے مارنے کی کوشش کی تھی؛ فلمسٹار شاہد کا انکشاف

ماضی کے نامور ہیرو شاہد نے انکشاف کیا ہے کہ زندگی میں ایک ایسا مقام بھی آیا تھا جب میں نے اپنی جان خود لینے کی کوشش کی تھی۔

فلم اسٹار شاہد نے ایک کامیاب، شاندار اور بھرپور زندگی گزاری۔ پیسا، شہرت، عزت اور ہر وہ چیز کمائی جس کی کوئی بھی شخص تمنا کر سکتا ہے۔

انھوں نے فلمی کیریئر کے دوران اردو اور پنجابی فلموں میں کئی بلاک بسٹر فلمیں دیں اور تمام ہی ہیروئنز کے ساتھ کام کیا۔

اس دوران ان کے کئی اسکینڈلز بھی سامنے آئے لیکن کامیابی کا نہ رکنے والا یہ سفر رواں دواں رہا۔ شاہد ہر دوسرے دن ایک نئی کامیابی حاصل کرتے گئے۔

تاہم ہر کامیاب انسان کی طرح اداکار شاہد کی زندگی میں ایسے دن آئے تھے۔ جس وقت وہ شدید دباؤ میں تھے اور جس کے زخم اب بھی تازہ ہیں۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو میں اداکار شاہد نے بتایا کہ صرف 9 سال کا تھا جب والدہ چل بسیں اور اس کی اطلاع مجھے ایسے ملی جس کا سوچ کر اب بھی کانپ جاتا ہوں۔

فلم اسٹار شاہد نے بتایا کہ مجھے اسکول سے لینے روزانہ میری ماں آیا کرتی تھیں لیکن اُس دن وہ کافی دیر تک نہیں آئیں تو پرنسپل نے کہا کہ گھر نزدیک ہی ہے خود چلے جاؤ۔

اداکار شاہد نے بتایا کہ میں بوجھل قدموں اور ذہن میں ان گنت سوال لیے گھر کی جانب جا رہا تھا۔ گھر کے باہر کئی گاڑیاں کھڑی تھیں، جنھیں دیکھ کر میں پریشان ہوگیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ گھر پہنچ کر پتا چلا کہ میری ماں نہیں رہی۔ یہ وہ لمحہ تھا جسے میں آج تک بھول نہیں سکا۔ میں ٹوٹ کر رہ گیا۔

فلم اسٹار شاہد نے انکشاف کیا کہ ماں کی جدائی کا زخم مجھ میں رستا گیا۔ میں 14 سال کا ہوگیا تھا اور میں نے محسوس کیا کہ ماں کے انتقال کے بعد مجھے زندہ نہیں رہنا چاہیے۔

اداکار شاہد نے بتایا کہ میں نے اپنی جان لینے کی کوشش بھی کی لیکن خوش قسمتی سے بچ گیا۔ کبھی نہیں سوچا تھا کہ اللہ زندگی میں اتنی کامیابیاں اور شہرت دے گا۔ کاش ماں زندہ ہوتی۔