بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی، 1,24,000 پوائنٹس پر پہنچنے پر وزیراعظم کا اظہارِ اطمینان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 24 ہزار پوائنٹس پر پہنچنے کو ملکی معیشت کی بحالی اور حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر قرار دے دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی عوام دوست بجٹ پر سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے اعتماد کی عکاس ہے۔ “بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس کا اضافی بوجھ نہیں ڈالا گیا، جبکہ تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس میں کمی سے نوکری پیشہ افراد کو ریلیف ملے گا،

شہباز شریف نے کہا کہ “الحمدللہ! ملکی معاشی ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ پاکستانی عوام نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں۔ اب ہم سب کو مل کر عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے محنت کرنا ہوگی۔”

انہوں نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ محض حکومتی ٹیم کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان کی ڈیفالٹ سے بچاؤ، معاشی استحکام اور ترقی کے سفر کی بحالی کو ایک “معجزہ” قرار دیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاشی بحالی کا ٹرن اوور ملکی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔