اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز نے حکومتی مذاکرات کی پیشکش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات صرف سیاسی دکھاوے کے لیے نہیں ہونے چاہئیں بلکہ ان میں سنجیدگی اور نیک نیتی کا مظاہرہ ہونا چاہیے۔
اپنے بیان میں شبلی فراز نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کی جانب سے مذاکرات کی دعوت کو خوش آئند قرار دیا لیکن ساتھ ہی خبردار کیا کہ اگر حکومت صرف بیانات تک محدود رہنا چاہتی ہے تو یہ عمل بے معنی ہوگا۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو اسے بیانات سے آگے بڑھ کر بامقصد اور حقیقی بات چیت کا آغاز کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ “وزیراعظم یا وزیراعظم آفس کی گفتگو کو صرف زبانی کلامی نہ سمجھا جائے”
پی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ حکومت کو چیئرمین پی ٹی آئی اور سیکریٹری جنرل سے براہِ راست رابطہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ “یہ تاثر نہیں دینا چاہیے کہ سب کچھ معمول پر ہے، جبکہ ملک ایک بڑے بحران سے گزر رہا ہے۔
شبلی فراز نے حکومت پر زور دیا کہ وہ سنجیدہ اور بامعنی مذاکرات سے ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے عملی اقدامات کرے، ورنہ عوامی اعتماد مزید مجروح ہوگا۔