پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسیر رہنماؤں نے پارٹی قیادت کو ایک کھلا خط لکھا ہے جس میں انہوں نے حکومت سے مذاکرات شروع کرنے کا مشورہ دیا ہے، تاہم اس عمل کو بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کھلا خط پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر شاہ محمود قریشی، میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر اسیر رہنماؤں کی جانب سے تحریر کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ملک اس وقت بدترین سیاسی اور معاشی بحران سے گزر رہا ہے، اور اس صورتحال سے نکلنے کا واحد راستہ سنجیدہ مذاکرات ہیں۔ اسیر رہنماؤں نے زور دیا کہ مذاکرات صرف سیاسی جماعتوں کے درمیان ہی نہیں بلکہ مقتدر حلقوں سے بھی کیے جائیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا آغاز سیاسی سطح پر کیا جائے اور تحریک انصاف لاہور کے اسیر رہنماؤں کو بھی مذاکراتی عمل کا حصہ بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل سے قبل عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ پارٹی قیادت وسیع مشاورت کر سکے۔
رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عمران خان سے ملاقات کا سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری رکھا جائے تاکہ پارٹی پالیسی مربوط اور موثر انداز میں طے کی جا سکے۔
یہ خط ایسے وقت میں منظر عام پر آیا ہے جب پی ٹی آئی شدید سیاسی دباؤ اور قیادت کی گرفتاریوں جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔