کراچی: اورنگی ٹاون اقبال مارکیٹ راجہ تنویر کالونی میں سگےباپ کے ہاتھوں بیٹا قتل کردیا، ایس ایچ او تھانہ اقبال مارکیٹ کے مطابق ملزم نے اپنے بیٹے کو خواجہ سراوں کے ساتھ بیٹھنے پر منع کرنے پر کرنٹ لگا کر اور بیلچے کے وار کرکے بیٹے کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے 21 سالہ بیٹے علی خان کو خواجہ سراؤں کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے سے منع کیا، اور بات نہ ماننے پر انتہائی اقدام اٹھایا۔
تھانہ اقبال مارکیٹ کے ایس ایچ او شیر محمد سانگی نے میڈیا کو بتایا کہ باپ بیٹے کے درمیان تنازع کئی دنوں سے جاری تھا۔ وقوعہ کے روز باپ نے پہلے بیٹے کو بجلی کا کرنٹ لگایا اور پھر بیلچے کے پے در پے وار کر کے اسے قتل کر ڈالا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لواحقین کی جانب سے تاحال مقدمہ درج نہیں کروایا گیا، تاہم ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے اور مقدمہ درج نہ ہونے کے باوجود قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔
خواجہ سراؤں کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے پر باپ نے بیٹے کو کرنٹ لگا کر مار ڈالا
