اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاک افغان سرحد پر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم “فتنۂ الخوارج” کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قومی خدمت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے 30 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ یہ بروقت اور مؤثر کارروائی ملک کی سالمیت کے تحفظ میں ہماری فورسز کے عزم کا ثبوت ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارتی پشت پناہی والے دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جا رہا ہے، اور اس مقصد میں پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “فتنۂ الخوارج” جیسی انتہا پسند تنظیموں کے خاتمے کے لیے کیے گئے جرأت مندانہ اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔
اسپیکر نے کہا کہ قوم کو اپنے سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں، بہادری اور عزم پر فخر ہے، اور پوری قوم اس نازک وقت میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے جاری سیکیورٹی فورسز کے اقدامات کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ ایسے اقدامات ملک کو دہشت گردی سے پاک بنانے کے سفر میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔