کورونا کی عالمی وباء کے بعد دل کے دورے یعنی ہارٹ اٹیک کے کیسز میں اضافے کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔ کئی معروف شخصیات سمیت عام شہری بھی اچانک دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہارتے رہے ہیں۔
ان اموات کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بحث شدت اختیار کر گئی کہ آیا ان واقعات کی وجہ کووڈ ویکسین ہے؟ یہ سوال سیاسی و عوامی حلقوں میں بھی زیربحث آنے لگا۔
تاہم طبی ماہرین نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان اموات کا تعلق کووڈ ویکسین سے جوڑنا درست نہیں۔
کووڈ ویکسین لینے سے اچانک موت کا خطرہ کم ہوتا ہے، نہ کہ بڑھتا ہے۔ اگر آپ نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہیں تو آپ کا دل پہلے سے زیادہ محفوظ ہے۔ کووڈ ویکسین کے کئی طبی فوائد ہیں، اس لیے لوگوں کو افواہوں پر کان نہیں دھرنے چاہئیں۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ جن افراد نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہیں، ان میں اچانک موت کا خطرہ 49 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ 2019 میں شروع ہونے والی کورونا وباء نے دنیا بھر میں تباہی مچائی، اور بھارت میں بھی لاکھوں لوگ اس مہلک وائرس کا شکار ہوئے۔ بچاؤ کے طور پر حکومت نے کووڈ ویکسین کی دو خوراکیں لازمی قرار دی تھیں۔ تاہم اس کے بعد وقتاً فوقتاً ایسی افواہیں گردش کرتی رہی ہیں کہ ویکسین لینے کے بعد دل کے دورے کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اموات کی ممکنہ وجوہات میں غیر متوازن طرزِ زندگی، ذہنی دباؤ، ناقص خوراک اور جسمانی سرگرمیوں کی کمی شامل ہو سکتی ہیں، نہ کہ کووڈ ویکسین۔
کورونا ویکسین اور ہارٹ اٹیک، ماہر امراض قلب نے حقیقت واضح کردی
