بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سانحہ سوات کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام

پشاور:چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا ہے کہ سانحہ سوات کے بعد حکومت نے پیشگی اقدامات کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایئر ایمبولینس کو بھی استعمال میں لایا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کے ہمراہ سپریم کمانڈ پوسٹ کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال اور حفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، ریسکیو 1122، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے مکمل الرٹ ہیں۔
شہاب علی شاہ نے کہا کہ سانحہ سوات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
چیف سیکرٹری نے محرم کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام اضلاع کو ہدایات جاری کرنے کا بھی عندیہ دیا، اور کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
یاد رہے کہ دریائے سوات میں ڈوب ایک ہی خاندان کے 18 سے زائد افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ڈسکہ کے ایک ہی خاندان کے 9 افراد اور مردان کے 3 بہن بھائی شامل ہیں۔
ڈسکہ کے اس خاندان کے کل 17 افراد دریا کی بے رحم موجوں کی زد میں آئے تھے، جن میں سے 7 افراد بحفاظت واپس پہنچ گئے ہیں، تاہم 14 سالہ ایک لڑکا تاحال لاپتا ہے۔ 9 جاں بحق افراد کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے جبکہ مردان میں جان کی بازی ہارنے والے 3 بہن بھائیوں کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
واقعے کے بعد صوبائی حکومت نے غفلت کے مرتکب 6 سرکاری افسران کو معطل کر دیا۔ حکام کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں اور غفلت ثابت ہونے پر مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔