بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کا قافلہ اسلام آباد سے لاہور کیلئے رواں دواں، احتجاج کرنے نہیں جارہے، علی امین گنڈاپور

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان پارلیمنٹ کا قافلہ اسلام آباد سے لاہور کی جانب رواں دواں ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق لاہور روانگی سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہے، جو یہ سمجھتے ہیں کہ ہم کوئی احتجاج کے لیے جارہے ہیں، وہ جان لیں یہ محض اظہارِ یکجہتی ہے۔

لاہور روانگی سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا ہاؤس میں جمع ہوئے، اجلاس میں پارٹی قیادت، قومی اسمبلی، خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی کے ارکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے واضح کیا کہ لاہور صرف بات چیت کے لیے جا رہے ہیں، کوئی غیر آئینی سرگرمی ہمارا مقصد نہیں، گرفتاریوں کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بیان میں کہا کہ قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہے، صرف امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کوئی یہ سمجھتا ہے کہ کوئی احتجاج ہے وہ یہ جان لے کہ یہ محض اظہارِ یکجہتی ہے، ہمارا مقصد انتشار نہیں بلکہ جمہوری اقدار کا تحفظ ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرصدارت قافلہ لاہور میں مختلف ملاقاتیں کرے گا، جس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور سینیٹ انتخابات سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔