بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

700 سے زائد فلموں میں اداکاری کرنیوالے معروف بھارتی ولن چل بسے

حیدرآباد دکن(نیوز ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی کوٹا سرینواسا راؤ اتوار کی صبح 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے اور ان کا انتقال ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔ صرف دو دن قبل انہوں نے اپنی 83ویں سالگرہ منائی تھی۔آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے کوٹا سرینواسا راؤ نے 1978 میں فلمی سفر کا آغاز کیا اور چار دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر میں 750 سے زائد فلموں میں مختلف زبانوں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں تیلگو، تامل، کنڑ اور ہندی فلمیں شامل ہیں۔وہ منفی کرداروں اور مضبوط معاون کرداروں میں اپنی جاندار اداکاری کے لیے خاص طور پر مشہور تھے۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد اعزازات سے نوازا گیا، جن میں 2015 کا معتبر ’پدما شری‘ ایوارڈ بھی شامل ہے۔اداکاری کے ساتھ ساتھ انہوں نے سیاست میں بھی حصہ لیا اور 1999 سے 2004 تک بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی کے طور پر خدمات انجام دیں۔ان کے انتقال پر بھارتی فلمی صنعت گہرے دکھ میں مبتلا ہے، اور مداحوں سمیت شوبز سے وابستہ شخصیات کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔