پاکستان اور برطانیہ نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے بزنس ایڈوائزری کونسل کے قیام سمیت نئے اقدامات کا اعلان کردیا۔
پاکستان اور برطانیہ کے وزرائے تجارت نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان لندن میں پیر کے روز شروع ہونے والے پاک۔برطانیہ تجارتی مذاکرات کے موقع پر کیا گیا۔
مذاکرات کے حصے کے طور پر وزراء نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک نئی ’ پاک۔برطانیہ بزنس ایڈوائزری کونسل’ کے قیام کا اعلان کیا ہے جس میں سینئر کاروباری رہنما اور سرکاری حکام شامل ہوں گے۔
کونسل پالیسی اصلاحات پر اسٹریٹجک مشورے فراہم کرے گی، بات چیت کے لیے ایک بااعتماد فورم مہیا کرے گی اور مارکیٹ تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور بہترین عالمی طریقے اپنانے کے ذریعے تجارتی مواقع کو فروغ دے گی۔
لندن میں ہونیوالے اجلاس کی مشترکہ صدارت برطانیہ کے وزیر برائے تجارتی پالیسی و معاشی سلامتی ڈگلس الیگزینڈر اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کی، دونوں وزرا نے ہر سال وزارتی سطح پر ملاقاتیں کرنے پر اتفاق کیا تاکہ ترقی کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں اور برطانیہ و پاکستان میں کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کی معاونت کی جا سکے۔
اس موقع پر برطانیہ کے وزیر برائے تجارتی پالیسی و معاشی سلامتی ڈگلس الیگزینڈر نے کہا کہ’ آج کے مذاکرات پاکستان کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات میں اگلا قدم ہیں، جو ہماری تجارتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے اور دونوں ممالک کے کاروباروں کے لیے نئے مواقع پیدا کریں گے۔’
انہوں نے کہا کہ ’ ہیلتھ کیئر اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، جو برطانیہ کی صنعتی حکمتِ عملی کے بنیادی حصے ہیں، جیسے کلیدی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرکے ہم ترقی کو فروغ دے سکتے ہیں، جدت کو بڑھا سکتے ہیں اور روزگار کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔’
وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ ’ برطانیہ پاکستان کا ایک انتہائی اہم اقتصادی شراکت دار ہے، یہ مذاکرات ہمارے تجارتی تعلق کو زیادہ منظم اور مستقبل بین بنانے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں، ہم باہمی تعاون کو مضبوط بنا کر اور اپنی ترجیحات کو ہم آہنگ کر کے دوطرفہ تجارت کو وسعت دے سکتے ہیں، زیادہ سرمایہ کاری کو راغب کر سکتے ہیں اور دونوں ممالک کے لیے پائیدار معاشی مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔’
برطانیہ نے پاکستان کی جانب سے برطانوی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کی خواہش کی حمایت میں دو لاکھ پاؤنڈ تک امداد دینے کا بھی اعلان کیا ہے، یہ رقم تکنیکی معاونت کی فراہمی میں استعمال کی جائے گی تاکہ سرمایہ کاروں تک رسائی بہتر بنائی جا سکے اور پاکستانی سرمایہ کاروں اور برطانیہ میں موجود مواقع کے درمیان رابطے کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ اقدام پاکستان کی بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کی خواہش اور دوطرفہ سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے برطانیہ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
پاک برطانیہ مذاکرات میں حالیہ پیشرفت کو مزید آگے بڑھانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا گیا، جس کے تحت گزشتہ سال کی آخری سہ ماہی کے دوران دوطرفہ تجارت میں 7.3 فیصد اضافہ ہوا، فی الحال دوطرفہ تجارت کی مالیت4.7 ارب پاؤنڈ ہے۔
اجلاس میں معلوماتی ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبے پر خاص طور پر توجہ مرکوز کی گئی، جو برطانیہ کی صنعتی حکمت عملی کے تحت ترجیحی شعبے ہیں۔
برطانیہ کی صنعتی حکمت عملی کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے لیے نمایاں مواقع فراہم کرتی ہے، برطانیہ بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے اپنی مارکیٹ میں کام کرنا آسان، تیز اور زیادہ قابلِ بھروسا بنانے کے لیے پرعزم ہے، اس میں مہارتوں کی ترقی، جدت، ضوابط اور منصوبہ بندی میں اصلاحات شامل ہیں، جو ایک زیادہ متحرک اور کھلا کاروباری ماحول تخلیق کرتی ہیں۔








