الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں مخصوص نشستوں سے متعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی درخواست منظور کر لی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اقلیتی نشست پر (ن) لیگ اور جے یو آئی (ف) میں ٹاس ہوگا
خیبرپختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو 9، جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 9، پیپلزپارٹی کو 5، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو ایک ایک اضافی نشست ملی۔
مسلم لیگ (ن) کو خیبر پختوانخوا اسمبلی میں خاتون کی نشست بھی مل گئی، جب کہ مخصوص خاتوں کی نشست پر اے این پی اور پی ٹی آئی پی کے مابین ٹاس ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کے کیس پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی، اس دوران 5 سیاسی جماعتوں اور 21 امیدواروں نے مؤقف پیش کیا تھا۔
مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی (ف)، پیپلز پارٹی، اے این پی اور پی ٹی آئی پی نے دلائل دیئے تھے، جن میں مخصوص نشستوں کی گنتی، نوٹیفکیشن کی تاریخ اور پارٹی شمولیت کی مہلت جیسے نکات کو بنیاد بنایا گیا تھا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ جاری








